شاخ گوبھی فالج سے بچانے میں مددگار

لندن(آن لائن نیوز اردو پاور) شاخ گوبھی سے متعلق ایک تازہ دریافت یہ ہے کہ اس کا استعمال نہ صرف فالج سے بچاتا ہے بلکہ فالج ہونے کے بعد بھی یہ دماغ اور اعصاب کو مزید تباہی سے بچاتی ہے۔
برطانوی سائنسدانوں نے شاخ گوبھی میں ایک مرکب سلفورفین دریافت کیا ہے جو اس سبزی میں قدرتی طور پایا جاتا ہے۔ یہ مرکب دماغ کے لیے ایک حفاظتی اینزائم کا کردار ادا کرتا ہے۔ اب اسی مرکب کو ایک گولی کی شکل دینے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ فالج کے شکار مریضوں کی زندگی بہتر بنائی جاسکے۔
کنگز کالج لندن نے اس اینزائم (خامرے) کو دماغی جھاڑو قرار دیا ہے جو انسانی خلیات میں خطرناک فری ریڈیکلز کو نکال باہر کرتا ہے اور آکسیڈیٹو اسٹریس میں ایسے دوسرے خلیات کو بھی ختم کرتا ہے جو کینسر اور الزائیمر جیسے مرض کی بنیاد بنتے ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ فالج سے متاثرہ ہزاروں لاکھوں مریض اس کے اہم مرکب پر مشتمل سپلیمنٹ استعمال کرکے اپنے مرض کی شدت کم کرسکتے ہیں۔ دنیا بھر میں فالج سے متاثرہ مریضوں کے طریقہ علاج اور بہتری پر تحقیق جاری ہے۔ ماہرین نے سلفورافین کو فالج سے متاثرہ چوہوں پر آزمایا تو اس سے مرض کی شدت میں نمایاں کمی نوٹ کی گئی تھی۔
سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اگر سلفورا فین کو کسی گولی یا قرص کی شکل دیدی جائے تو اس کا روزانہ استعمال عین اسی طرح امراضِ قلب، کینسر اور فالج سے بچاسکے گا جس طرح آج ایسپرین ہزاروں افراد کو موذی امراض سے بچارہی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو