فٹنس کلب آئیں اور پرسکون نیند سوئیں

لندن(آن لائن نیوزاردوپاور) برطانیہ میں ایک فٹنس سینٹر ایسا بھی ہے جہاں جانے والوں کو ورزش نہیں کرنا پڑتی بلکہ وہ آرام دہ بستروں پر 45 منٹ کے لیے گہری نیند سو جاتے ہیں جب کہ اس عمل کو ’’نیپرسائز‘‘ کا نام دیا جاتا ہے۔
اس عجیب و غریب فٹنس سینٹر کا آغاز حال ہی میں ’’ڈیوڈ لائیڈ کلب‘‘ کی جانب سے لندن میں کیا گیا جس کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ایسے افراد کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جنہیں شدید تھکن کی شکایت رہتی ہے کیونکہ وہ رات کے وقت بمشکل 5 گھنٹے کی نیند لے پاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی صحت بھی متاثر رہتی ہے۔ اس مسئلے کا حل یہ ہے کہ انہیں دن میں کچھ وقت کے لیے سکون کی نیند فراہم کی جائے تاکہ وہ خود کو تازہ دم محسوس کرسکیں۔

اسی پہلو کو سامنے رکھتے ہوئے ڈیوڈ لائیڈ کلب کی اس نئی شاخ میں ساؤنڈ پروف ہال کے اندر دبیز اور آرام دہ بستر بچھا دیئے گئے ہیں جن پر لیٹ کر 45 منٹ تک قیلولہ کیا جاسکتا ہے۔ کلب نے اپنی مشہوری اور تگڑی فیس کو جواز فراہم کرنے کےلیے 45 منٹ کی اس نیند کو ’’نیپرسائز‘‘ (napercise) کا نام دیا ہے یعنی ایسی ورزش جس میں لوگ نیند کے ذریعے صحت یابی حاصل کرتے ہوں۔
البتہ سونے سے پہلے شرکاء کو 15 منٹ تک ہلکی پھلکی ورزش کروائی جاتی ہے تاکہ وہ قیلولہ کرتے وقت خود کو زیادہ تھکا ہوا محسوس کریں اور جلدی سے پرسکون نیند سوجائیں۔

اس کلب کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ آس پاس کے علاقوں کے علاوہ خاصی دوری پر رہنے والے لوگ بھی اس کی رکنیت اختیار کررہے ہیں۔ اسی مقبولیت کے پیش نظر اب ڈیوڈ لائیڈ کلب نے ’’نیپرسائز کلاسز‘‘ کی سہولت اپنے دوسرے فٹنس سینٹروں میں بھی متعارف کروادی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو