اومیگا تھری پروٹین الزائیمر بیماری سے بچانے میں مفید

ٹیکساس(آن لائن نیوزاردو پاور) اچھی جسمانی صحت کے معاملے میں اومیگا تھری پروٹین کی اہمیت آج تسلیم شدہ حقیقت کا درجہ رکھتی ہے جبکہ دماغ کو تقویت پہنچانے اور مضبوط بنانے میں بھی اس پروٹین کے نت نئے فائدے مسلسل سامنے آرہے ہیں۔
کیلیفورنیا میں مختلف اداروں کی مشترکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اومیگا تھری پروٹین (جسے اومیگا تھری فیٹی ایسڈ بھی کہا جاتا ہے) انسانی دماغ میں خون کا بہاؤ بہتر کرتے ہوئے نہ صرف ہماری یادداشت بہتر بناتا ہے بلکہ بڑی عمر کے لوگوں میں الزائیمر سمیت کئی دماغی بیماریوں کی روک تھام بھی کرتا ہے۔
اس مقصد کے لیے 166 رضاکاروں سے متعلق طبّی معلومات جمع کی گئیں جب کہ ان کے غذائی معمولات کا جائزہ لینے کے علاوہ حساس آلات کی مدد سے ان کے دماغوں میں خون کے بہاؤ اور متعلقہ دماغی سرگرمیوں کو بھی تفصیلاً کھنگالا گیا۔ مطالعے کے بعد معلوم ہوا کہ جو افراد اومیگا تھری فیٹی ایسڈ والی غذائیں بطور معمول استعمال کرتے ہیں وہ یادداشت کے معاملے میں بھی دوسروں سے بہتر رہتے ہیں جب کہ بزرگی میں پہنچ جانے کے بعد بھی انہیں دوسرے لوگوں کی نسبت کم تر دماغی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں بطورِ خاص الزائیمر کی بیماری نمایاں ہے۔
الزائیمر کے علاوہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کو مالیخولیا، ڈپریشن اور ڈیمنشیا کی روک تھام کے لئے بھی انتہائی مفید پایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مچھلی، مرغی اور انڈوں کے علاوہ السی کے بیجوں، خشک میوہ جات، بادام، پودینہ اور پالک میں بھی اومیگا تھری فیٹی ایسڈ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جب کہ ان چیزوں کو اپنے غذائی معمولات کا حصہ بنا کر اچھی جسمانی و ذہنی صحت کا حصول یقینی بنایا جاسکتا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.